لاہور (سید عدنان فاروق) حکومت نے مذہبی سیاحت کے فروغ اور سکھ برادری سے اچھے تعلقات قائم کرنے کے لئے قیام پاکستان سے جاری پالیسی کو تبدیل کر دیا۔ بیساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے اس برس ساڑھے 67سو سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے گئے۔ معاہدہ کے مطابق تین ہزار تک یاتری ان تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آ سکتے ہیں تاہم تاریخی طور پر کبھی معاہدے مطابق یاتریوں کو ویزے جاری نہیں کئے گئے۔ بیساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے سکھ یاتری 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔ ماضی میں اوسطا 2ہزار کے قریب یاتریوں کو ویزے جاری کئے جاتے تھے، تاہم اس برس 6ہزار 7سو 51ویزے جاری کئے گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر نے نوائے وقت کو بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ میں ہوگی۔ پاک بھارت مذہبی یاترا معاہدہ کے تحت 3000 یاتری پاکستان آسکتے ہیں، حکومت پاکستان نے خصوصی طور پر 6751 یاتریوں کو ویزے جاری کئے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی درخواست پر شیڈول سے3751 زائد ویزے خصوصی طور پر جاری کیے۔ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بھارتی یاتریوں کی اتنی بڑی تعداد مذہبی یاترا کے لیے پاکستان آرہی ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈر جا ری کیے۔ یاتریوں کو ائیر کنڈیشنڈ بسیں اور رہائشی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہنگامی بنیادوں پر ماسٹر پلان مرتب کیا گیا۔ گورو دوارہ جنم استھان، گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور دیگر گورو دواروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
بیساکھی، خالصہ تقریبات، پہلی بار 6 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری
Apr 09, 2025