اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر برائے اقتصادیات میکائل جباروف کے درمیان منگل کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بات چیت میں دونوں برادر ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی وفد نے وزیر میکائل جباروف کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت اور پاکستان اور آذربائیجان اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے لگن کا اظہار کیا جن میں اعلیٰ ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔ ملاقات میں ترجیحی منصوبوں خاص طور پر انفراسٹرکچر، توانائی اور آئی ٹی جیسے شعبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے پر زور دیا گیا جو وسیع تر اقتصادی اقدامات کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایک ایسے موقع پر جب دونوں فریقین ممکنہ مشترکہ منصوبوں اور اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو تلاش کر رہے ہیں، بات چیت میں سبز توانائی میں ابھرتے ہوئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان کے مطابق پاکستان کی وزارت تجارت نے ایک جامع روڈ میپ بھی تیار کیا ہے جس کا مقصد دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانا اور تعاون کے شعبوں کو متنوع بنانا ہے۔
نائب وزیراعظم اور آذربائیجان کے وزیر کی ملاقات‘ طویل المدتی اقتصادی تعاون بڑھانے کا عزم
Apr 09, 2025