لاہور+کراچی (کامرس رپورٹر) نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی دریافت کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) محمد علی ٹبہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ این آر ایل اب تک 13 ڈائمنڈ ڈرل ہولز مکمل کر چکی ہے۔ تمام ڈرل ہولز میں معدنیات کے ذخائر کا پتہ چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ جبکہ قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پراجیکٹ میں شامل کرنے کا ارادہ ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان میں تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا۔ ماری انرجیز نے سپنوام-1 کنویں کی لوکہارٹ فارمیشن میں تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کیا ہے۔ سپنوام-1، وزیرستان بلاک، شمالی وزیرستان، خیبر پی کے میں واقع ہے۔ 64/64" کے قطر کی گیس پائپ لائن اور 3,264 psig کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر 70.3 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 310 بی بی ایل یومیہ تیل کا بہائو دیکھا گیا ہے۔ ماری انرجیز55 فیصد حقوق کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ او جی ڈی سی ایل اور اورینٹ پٹرولیم بالترتیب35 اور10 فیصد حقوق کے ساتھ شراکت دار ہیں۔
چاغی: سونے، تانبے، شمالی وزیرستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت
Apr 09, 2025