سندھ پولیس نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر لاک ڈاؤن موثر بنانے کے لئے کارروائی کرتے ہوئے چار سو بائیس افراد کو گرفتار جبکہ ایک سو ستاون مقدمات درج کرلئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں لاک ڈاون کا آج اٹھارواں روز ہے،وزیراعلی کے احکامات کے بعد آج لاک ڈاون میں مزید سختی کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جگہ جگہ ناکے قائم کرکے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔
گزشتہ روز سندھ پولیس نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کے بعد ایک سو ستاون مقدمات درج کرتے ہوئے چار سو بائیس افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی پر چار سو اڑتالیس گاڑیاں بند کی تھیں۔دوسری جانب سندھ بھرمیں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد ایک ہزار چھتیس تک پہنچ چکی ہیں،جبکہ اس عالمی وبا سے سندھ بھر میں بیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔