حکومت 14اپریل سے مرحلہ وار کاروبارکھولنے کی اجازت دے، اجمل بلوچ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 14اپریل سے تاجروں کو لاک ڈائون میں نرمی کرکے صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ تاجروں کی طرف سے کرونا وائرس کے مکمل حفاظتی اقدامات کیے جائیںگے ، ضلع انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر جس قسم کی بھی ایس او پی مقرر کریںگے اس پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خالد محمود چوہدری ، جناح سپر مارکیٹ ٹریڈرز یونین کے جنرل سیکرٹری اور آئی سی سی آئی کے ایگزکٹیو ممبر عبدالرحمان صدیقی ، چوہدری عرفان اور زاہد خان بھی موجود تھے۔اجمل بلوچ نے کہا کہ عملاً یکم مارچ سے کاروبار مکمل طور پر بند ہیںجس کی وجہ سے تاجروںکے زیر کفالت کام کرنے والے ملازمین بے روزگار ہوچکے ہیںجبکہ حکومت نے گھریلو صارفین کے لئے بجلی اور گیس کے بل موخر کرکے ان کی اقساط کردی ہے لیکن کمرشل کنکشن کے لئے ابھی تک حکومت نے کوئی مراعات نہیں دی۔ تمام ریسٹورنٹ بند ہیں اور ان کے گیس کے بل بھی ادا کرنے مشکل ہیں ۔ حکومت کو چاہئے کہ فور ی طور ان کو ڈیفر کرنے اور اقساط کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔