گھر پر علاج کیلئے نجی ہسپتال نے آن لائن ٹیلی میڈیسن سروس کا آغاز کردیا
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)حکومتی ہدایات کے بعدوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کی وبا سے گھروںمیں موجود مریضوں یا بیمار پڑ جانیوالے شہریوں کو گھر میں ہی علاج کی سہولیات کیلئے سی بی آر ٹائون کے الرازی ہسپتال نے اپنی مدد آپ کے تحت آن لائن ٹیلی میڈیسن سروس شروع کردی ۔ سروس سے پاکستان کے تمام لوگ بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگ اس سی بی آر آن لائن ٹیلی میڈیسن سے بغیر کسی فیس کے مستفید ھوسکیں گے ،اسکا باضابطہ افتتاح گزشتہ روز رجسٹرار کو آپریٹو سوسائٹیز وایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد کامران چیمہ ، صدر سی بی آر سوسائٹی الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر برنی نے کیا ۔ا س موقع پر رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز اسلام آباد کامران چیمہ نے الرازی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور سی بی آر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کیلئے سی بی آر الرازی ہسپتال ایک ماڈل بن چکا ہے جسکی دوسری سوسائٹیز کو تقلید کرنی چاہئے قبل ازیں ڈپٹی رجسٹرار کو آپریٹو کامران چیمہ کوٹیلی میڈیسن پر بریفنگ دی گئی ۔رجسٹرار کوآپریٹو کامران چیمہ نے کہا ہے کہ کروناکی وبا سے نمٹنے کیلئے الرازی ہسپتال اور سی بی آر انتظامیہ کی کاوشیں سراہے جانے کے قابل ہیں ۔یہاں ہم یقین دلاتے ہیں کہ کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ الرازی ہسپتال کی ہر ممکن سپورٹ کریگا ،اس کیلئے جلد ہی کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد اور ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات ہسپتال کا وزٹ کرینگے اس موقع پر ہسپتال کے ایم ڈی ڈاکٹر افتخار علی برنی نے ٹیلی میڈیسن پر مکمل بریفنگ دی اور حاضرین کو DEMO کرکے دکھایا ہسپتال میں صبح اور شام کے اوقات میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت ہوگی اس موقع پر سیکرٹری سوسائٹی محمد سلیم خان ،اخلاق مسعود سندھو ،الرازی ہسپتال کے فوکل پرسن حاجی محمد فاروق ،انسپکٹر کوآپریٹو عاصم خان، ہسپتال ایڈمن عثمان سعید ،شبیر شیخ ،شیخ محمد عمر،حماد میر ،شعیب احمد،انجینئر محمد افضل ودیگر موجود تھے ۔