گوجرانوالہ 79‘ پنڈی بھٹیاں15 زائرین شیخوپورہ: 66تبلیغی ارکان کرونا میں مبتلا
گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ پنڈی بھٹیاں‘ کامونکے (نمائندگان خصوصی‘ نامہ نگاران) گوجرانوالہ میں مزید 79اور پنڈی بھٹیاں میں 15زائرین میں کرونا کی تصدیق ہو گئی۔ شیخوپورہ قرنطینہ میں لائے گئے تبلیغی جماعت کے 66ارکان بھی وائرس میں مبتلا‘ کامونکے میں سپین پلٹ شخص کی بیوی‘ ڈسکہ میں عمرہ سے آنے والے اے ایس آئی سمیت 2افرا د کرونا کا شکار ہو گئے۔ رزلٹ مثبت آنے پر اسلام آباد سے بھاگ کر اپنے گھر منڈی شاہ جیونہ آنیوالے 20سالہ نوجوان کو قرنطینہ سنٹر جھنگ منتقل کر کے علاقہ سیل کر دیا گیا۔ لالہ موسیٰ میں مشتبہ مریضہ کو ہسپتال میں رکھنے پر نجی ہسپتال سیل کر دیا گیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں مزید 79 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ 52زائرین کے ٹیسٹ لاہور بھجوا دیے گئے۔ فوکل پرسن محکمہ صحت ڈاکٹر نصرت نے کہا کہ 192 زائرین کے کرونا ٹیسٹ منفی جبکہ 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں گوجرانوالہ کے 55، سیالکوٹ 18، گجرات 5 اور نارووال کا ایک شہری شامل ہے۔ ایران سے ملتان آنے والے 323 زائرین کو گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 51 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تبلیغی جماعت لاہور کے مرکز سے 800 کے قریب افراد کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے قرنطینہ سینٹر کالاشاہ کاکو منتقل کردیا گیا۔ ان میں فیز 2 میں لائے جانیوالے 620 افراد میں سے 200 افراد کے کرونا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن میں66 کی رپورٹس پازیٹو آگئی جبکہ 134 افراد کی رپورٹس نیگٹو بتائی گئی ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نمائندہ خصوصی اور نامہ نگار کے مطابق ڈیرہ غازی خان سے لائے گئے انتیس زائرین جن کو بوائز ڈگری کالج کے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا ان میں سے پندرہ زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ھو گئی ھے۔ ان زائرین کیلئے ڈیرہ غازی خان سے سیمپل لیبارٹری کو بھجوائے گئے تھے بعدازاں ان کو پنڈی بھٹیاں قرنطینہ بھجوا دیا گیا جہاں مقامی انتظامیہ نے ان تمام زائرین کو ایک جگہ ھی قرنطینہ سنٹر میں رکھا ہوا تھا اور لیبارٹری سے رپورٹ آنے پر پندرہ زائرین مریض نکلے جس سے باقی زائرین میں بھی کرونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ھو گیا ھے۔ اب کرونا سے متاثر پندرہ زائرین کو گرلز کالج قریطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پنڈی بھٹیاں قرنطینہ آنے کے بعد ان کے سیمپل لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جن کے رزلٹ ابھی نہیں آئے ان کے رزلٹ آنے کے بعد ھی پتہ چلے گا کہ مزید کتنے لوگ کرونا وائرس سے متاثر ھو چکے ھیں۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق سپین سے آئے شخص کی بیوی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ سٹی ہائوسنگ سکیم کا رانا تفسیر حنیف کچھ روز قبل سپین سے واپس آیا تو اس میں وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اسکا اور اسکی 38 سالہ بیوی مریم کا ٹیسٹ کیا گیا۔ رانا تفسیر کی ٹیسٹ رپورٹ تاحال نہیں آئی جبکہ اسکی بیوی مریم کا ٹیسٹ گزشتہ روز مثبت آگیا ہے۔