کروناسے عالم اسلام اور دنیا اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے:طاہر القادری
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) قائدتحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شب برات کے موقع پر ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر آفت سے نجات کیلئے نماز بہترین دعا اور صبر بہترین حکمت عملی ہے۔ نماز شب برات کا تحفہ ہے،نماز قائم کر کے اللہ کو راضی کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے عالم اسلام اور پوری دنیا اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی گھڑیاں عارضی ہوتی ہیں لیکن انکے اثرات و نتائج دائمی ہوتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان،عالم اسلام کی ترقی،خوشحالی،استحکام،اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔انہوں نے خطاب میں پاکستان بھر کے عوام سے اپیل کی کہ کرونا وائرس کے مضر طبی اثرات بدستور قائم ہیں ،حکومتی ہدایات کو نظر انداز نہ کریں۔ وائرس سے بچنے کیلئے سماجی فاصلے قائم رکھیں ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہاکہ لاک ڈائون کیوجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے لاکھوں خاندان مالی مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مشکل کی اس گھڑی میں مستحقین کی مدد کرنیوالے فلاحی اداروں کے خدمت انسانیت پر مبارکباد دی انہوں نے ہزارو خاندانوں تک راشن اور کھانا پہنچانے پر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن،منہاج یونیورسٹی لاہور،کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز،آغوش آرفن کیئر ہوم کی ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دی۔