جیساچاہتا ہوں ویسا لاک ڈائون نہیں ہورہا ‘ وفاق فیصلے کو لیڈ کرے: وزیراعلی سندھ
کراچی(این این آئی)وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ جس طرح چاہتا ہوں ویسا لاک ڈائون نہیں ہورہا ہے،چاہتے ہیں کہ وفاق لاک ڈائون کے فیصلے کو لیڈ کرے، کوشش ہوگی کہ پورے پاکستان کے لیے فیصلہ آئے، وفاقی حکومت کو جو فیصلہ کرنا ہے جلدی کرے۔وفاقی حکومت نے فیصلہ نہ کیا تو سندھ میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ نجی ٹی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاک ڈائون کو مزید سخت کریں، محکمہ صحت سندھ وفاق سے رابطے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگوں نے کہا لاک ڈائون بڑھائیں، میں نے کہا یہ صرف میرے بس کی بات نہیں ہے، میں بالکل دبائو میں نہیں ہوں، چاہتاہوں بغیر تنقید کے سب لوگ لاک ڈائون کے فیصلے کو مانیں، مجھے امید ہے جو بھی فیصلہ ہوگا ٹھیک ہوگا۔