ٹرمپ عالمی دہشت گردی کا سرغنہ اور امریکی فوج دہشت گرد تنظیم ہے: ایرانی صدر حسن روحانی
ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے تہران کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر واشنگٹن کو ’عالمی دہشت گردی کا سرغنہ‘ قرار دے دیا۔خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایرانی صدر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا کہ امریکا ہی پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کا لیڈر ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’وہ (امریکا) کس حیثیت میں پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دے سکتا ہے‘۔
سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ پاسداران انقلاب نے بطور فورس دہشت گردی کے خلاف 1979 سے اپنی خدمات پیش کیں۔حسن روحانی نے الزام لگایا کہ ’امریکی فوجوں (پینٹاگون) نے ہمیشہ بلواسطہ یا بلاواسطہ دہشت گردوں کا ساتھ دیا یا پھر دہشت گردی میں ملوث رہی۔انہوں نے واضح کیا کہ ’امریکا دہشت گرد عناصر کو خطے میں اپنے قومی مفاد کے لیے استعمال کرتا ہے اور واشنگٹن ہی عالمی دہشت گردی کا سربراہ ہے۔