حکومت نے 8ماہ میں ملک کوآئی سی یو میں پہنچادیا :شاہ اویس نورانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آٹھ ماہ میں ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے۔ معیشت وینٹی لیٹر پر چل رہی ہے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملک مسائلستان بن چکا ہے۔ حکومت سیاسی درجہ حرارت بڑھانے کی بجائے ہوش مندی سے کام لے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ حکومتی کشتی میں کئی سوراخ ہو چکے ہیں۔ حکومت اپوزیشن کی للکار اور یلغار کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتی۔ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں۔ امت مسلمہ داخلی انتشار سے نکل کر اسلامو فوبیا جیسے چیلنج کا مقابلہ کرے۔ مغرب میں نسل پرستی کا خمار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ مغربی مفکرین نے مسلمانوں کے خلاف بغض پھیلایا جو اب اسلامو فوبیا کی خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے۔