تحریک انصاف کی حکومت اپنے تمام وعدے بھول چکی ہے: لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے تمام وعدے بھول چکی ہے اور خود وزیراعظم اپنی ہربات پریوٹرن لے رہے ہیں، ایسے لوگ تبدیلی نہیں ، تباہی لے کر آتے ہیں ۔ تبدیلی صرف وہ لوگ لاتے ہیں جو اپنا عہد نبھانے کے لیے پوری استقامت سے ڈٹ جاتے ہیں اور پھر کسی دبائو میں نہیں آتے، وزیراعظم کی باتوں پر اب عام آدمی بھی یقین کرنے کو تیار نہیں ، لوگوں نے پی ٹی آئی حکومت سے جو توقعات اور امیدیں لگا ئی تھیں،وہ خواب خیال بن کر رہ گئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں 9 اپریل کو ہونے والی نو منتخب امیر جماعت سینیٹر سراج الحق کی حلف برداری تقریب کے حوالے سے انتظامی کمیٹیوں کے ناظمین کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ تقریب حلف برداری کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ حلف برداری تقریب یادگار اور پروقار ہوگی ۔