حملے کا خطرہ ، بھارت نے کوئی بھی حماقت کی تو بھرپور جواب دینگے: شاہ محمود
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلیفوں پر بات کی ہے، ایران میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے مکمل امداد اور حمائت کی پیشکش کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ایران میں حالیہ شدید سیلاب آور اس کے نتیجے میں ہونے والے کثیر مالی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے 31 میں سے 25 صوبے سیلاب کا شکار ہونے ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران میں شدید سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویش ناک ہے۔پاکستان کی حکومت اور عوام اس دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کمبل، شامیانے اور فرسٹ ایڈ باکسز پر مشتمل امدادی سامان کے دو جہاز فوری طور پر بھجوا رہے ہیں ۔وزیر خارجہ کی اس مشکل گھڑی میں ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس بروقت امداد پر اپنی اور اپنی حکومت کیطرف سے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور بحرین کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، بحرین کی طرف سے، کنگ حماد یونیورسٹی برائے نرسنگ اینڈ ایسوسییٹد میڈیکل سائنس کی صورت میں دیے گئے خوبصورت تحفے پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائیگا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کونسل آف فارن منسٹرز کے چھیالیسویں اجلاس میں، پاکستان کی طرف سے جنوبی ایشیا میں امن و امان کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کرنے پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بحرینی ہم منصب کو خطے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں بھارتی جارحیت کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہندوستان نے ایسی کوئی حماقت کی تو اسکا بھرپور جواب دیا جائے گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، بحرینی وزیر خارجہ کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے، دوہرے ٹیکس سے بچاؤ، اور ٹیکس چوری سے متعلقہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔فریقین کا جوائنٹ منسٹیریل کمیشن کا دوسرا اجلاس، اکتوبر 2019 کو مناما میں بلوانے پر اتفاق کیا۔