تمام وزراء کی کارکردگی مانیٹرکی جارہی ہے لیکن کسی سے استعفیٰٗ نہیں لیا جارہا: عثمان بزدار
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پیر کی شب اچانک فوارہ چوک راولپنڈی کے پارکنگ پلازہ میں قائم پناہ گاہ پہنچ گئے صوبائی وزراء میاں محمودالرشید ، محمد بشارت راجہ ، راجہ راشد حفیظ ،چیئرمین آر ڈی اے محمد عارف عباسی ،کمشنر راولپنڈی جودت ایاز ، آر پی او احمد اسحٰق جہانگیر، سی پی او عباس احسن ،ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا ، پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کے چیئرمین راجہ آصف محمود ، ڈائریکٹر انفارمیشن حامد جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے وزیر اعلیٰ پنجاب نے پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے ان کی خیر خیریت معلوم کی اور ان میں گھل مل گئے انہوں نے پناہ گاہ کے مکینوں سے ان کے مسائل بھی معلوم کئے وزیر اعلیٰ پنجاب پناہ گاہ میں مقیم افراد کے پاس زمین پر بھی بیٹھ کر ان سے گفتگو کرتے رہے ضلعی انتظامیہ کے حکام نے انہیں پناہ گاہ میں دی جانے والی سہولتوں کی تفصیلات بھی بتائیں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں تمام وزراء کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے کسی سے کوئی استعفیٰ بھی نہیں لیا جا رہا سب اپنا اپنا کام کر رہے ہیں ہم نے صوبے میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنادی گئی ہیں رمضان پیکیج کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام36 اضلاع میں پناہ گاہیں بنا رہے ہیں پانچ نئی پناہ گاہیں اگلے چند روز میں فعال ہوجائیں گی جبکہ مزید نئی پانچ پناہ گاہوں پر کام جاری ہے میں چند دنوں بعد دوبارہ راولپنڈی آرہا ہوں نالہ لئی کے حوالے سے بھی عوام جلد خوشخبری سنیں گے انہوں نے کہا کہ مجبور افراد کی دیکھ بھال ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے پنجاب میں پناہ گاہوں کے قیام سے بے شمار افراد کو چھت کی سہولت ملی ہے عوام کے مسائل جلد حل کریں گے مختلف جگہوں پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بھی پناہ گاہیں بنا رہے ہیں ہم نے پناہ گاہوں کی دیکھ بھال کی اتھارٹی بھی بنا دی ہے قبل ازیں پناہ گاہ میں وزیر اعلیٰ کی آمد کی اطلاع ملنے پر وہاں فوری لائٹیں چیک کی گئیں اور خراب ٹیوب لائٹس تبدیل کردی گئیں جبکہ فوارہ چوک کے اطراف صفائی کے بھی ہنگامی انتظامات کئے گئے ٹریفک پولیس نے بھی علاقے میں بند ٹریفک رواں دواں کردی ۔