تمام فریقین کی مشاورت کے بعد ورلڈکپ سکواڈ منتخب کرینگے: سرفراز احمد
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد ورلڈکپ 2019ء کیلئے سکواڈ منتخب کیا جائیگا،آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ورلڈکپ میں سب سے اوپر ابھر کر سامنے آئیں گی، ٹیم میچ میں آرمی کیپ پہن سکتی ہے،امام الحق اور فخر زمان ورلڈکپ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ہر کپتان کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کیلئے ورلڈکپ جیتے اور میرا بھی یہی خواب ہے، مجھے قوی امید ہے کہ پاکستان اس میگا ایونٹ کا فائنل ضرور کھیلے گا۔ انہوں نے پیشگوئی کی کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ورلڈکپ میں سب سے اوپر ابھر کر سامنے آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ جیتنے کے لیے پاکستانی ٹیم اپنی بہترین کارکردگی دکھاتی آئی ہے۔ ٹیم میچ میں آرمی کیپ پہن سکتی ہے۔ ورلڈکپ کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہو نے کی صورت میں اس کا متبادل وہاں ہی موجود ہو گا۔ حسن علی نے پی ایس ایل میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ امام الحق اور فخر زمان ورلڈکپ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، محمد عامر بھی ایک اچھا فاسٹ بائولر ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ سیریز میں وہ وکٹیں حاصل نہیں کر پا رہا۔ محمد حسنین بھی ایک اچھا فاسٹ بائولر ہے تاہم اسے مزید پالش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کے لیے بہتر کارکردگی دکھا سکے، اسے اپنی سپیڈ کی بجائے اپنی لائن اینڈ لینتھ کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ شعیب ملک سب سے سینئر ترین کھلاڑی ہیں اور میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔ ورلڈکپ کے لیے ایک لیگ سپنر اور ایک آف سپنر کا انتخاب کیا جائیگا۔