قانون کی علمداری تب ہے جب فیصلہ خلاف بھی ہو تو قبول کیا جائے: شہباز گل
لاہور(نیوزرپورٹر) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عدالتوں اور قانون پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ بعض فیصلے آپ کے خلاف آئیں، مگر آپ کو ان کی عزت کرنا ہوگی۔ قانون کی عملداری تب ہے جب فیصلہ خلاف بھی ہو تو قبول کیا جانا چاہیے۔ تحریک انصاف عدلیہ کے فیصلوں کو تسلیم کرتی ہے۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک ہی بات بتائی ہے کہ عدالتوں کا احترام کرنا ہے۔ عبدالعلیم خان کا کیس بھی عدالت میں ہے، اس بارے میں بھی ہم عدالت سے ہی امید رکھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عدالتوں کے فیصلوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ عدالتوں کا حق ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جبری طور پر مذہب کی تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستان بنانے کا مقصد ہی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ تھا۔ وزیراعظم اقلیتوں پر اعتماد اور ملکی ترقی میں ان کا کردار دیکھتے ہیں۔