طورخم جلال آباد شاہراہ پر اضافی کیرج وے کی تعمیر کے لئے 50کروڑ کی گرانٹ منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے طورخم جلال آباد شاہراہ پر اضافی کیرج وے کی تعمیر کے لئے 50کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ادویات اور اشیائے خوراک کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وزارت قومی غذائی تحفظ اور وزارت قومی صحت وخدمات کو مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کی بحالی کے لئے قائم کمیٹی نے سٹیل ملز کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے مختلف تجاویز پرمبنی جامع پریذینٹیشن دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صنعت و پیداوار ڈویژن اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کو سمری کی صورت میں باضابطہ تجاویز ای سی سی کو پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس ضمن میں حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ادویات اور اشیائے خوراک کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وزارت قومی غذائی تحفظ اور وزارت قومی صحت وخدمات کو مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے کمیٹی کو مختلف صنعتی سیکشنز سے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی ریکوریز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کو مختلف عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی سے متعلق مقدمات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کی وجہ سے حالیہ برسوں میں محاصلات کی وصولیوں پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔