کچہ میں آپریشن‘ لٹھانی گینگ پسپا‘ پولیس نے کمین گاہ میں کیمپ قائم کر لیا
رحیم یار خان (کرائم رپورٹر) پولیس کی کچہ کے ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں لٹھانی گینگ پسپا کچہ کراچی سے کمین گاہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے ڈاکوئوں کی کمین گاہ میں کیمپ قائم کر لیا ۔ کچہ میں ڈاکوئوں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ڈاکوئوں کی جوابی فائرنگ سے پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آپریشن میں رحیم یارخان اور راجن پور کی پولیس حصہ لے رہی ہے جس کی قیادت ڈی پی او رحیم یارخان عمر سلامت اور ڈی پی او راجن پور ہارون رشید کر رہے ہیں۔ جبکہ ان کی قیادت میں اے ایس پی صادق آباد ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی ، ایس ڈی پی او روجھان ڈی ایس پی آصف رشید اور دونوں سرکلز کے ایس ایچ اوز اور جوانوں کے علاوہ ایلیٹ فورس اور دونوں اضلاع کے افسران وجوان بھی ڈاکوئوں کے خلاف برسرے پیکار ہیں ۔ تاہم اس موقع پر ڈی پی او عمر سلامت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا پولیس افسران اور جوانوں کا مورال بلند ہے اور پولیس آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔ پولیس فورس کی آپریشن میں ضروریات پوری کی جا رہی ہیں اور ہر طرح سے پوری پلاننگ کے ساتھ میدان میں ہیں ۔