بانی متحدہ کی تقاریر: برطانوی پولیس بیانات ریکارڈ کرنے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی
اسلام آباد (آئی این پی)بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی نفرت انگیز تقریر کا معاملہ،برطانوی پولیس گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر پہنچ گئی ۔جبکہ سندھ پولیس کے6 افسران اسلام آباد نہیں پہنچ سکے۔ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے افسروں کو ڈی جی ایف آئی اے نے طلبی کے لئے آئی جی سندھ کو خط لکھا تھا،برطانوی پولیس نے گزشتہ روز پیر کو گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے تھے اورگواہان کو ریکارڈ کے ساتھ طلب کیا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق سندھ پولیس نے گواہی کیلئے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ،برطانیہ نے قتل کیس کے تین اہم ملزموں بانی ایم کیوایم الطاف حسین ، محمد انوراور افتخار حسین کی مشروط حوالگی کی پیش کش کردی ہے ،برطانوی محکمہ داخلہ نے تینوں ملزمان کو حوالگی کی صورت میں سزائے موت نہ دینے کی تحریری ضمانت مانگ لی ،آئندہ چند ہفتوں میں برطانوی شرط کی روشنی میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے معاملے پر باضابطہ بات چیت ہوگی ۔ وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان کی درخواست پر برطانیہ نے تین ملزمان الطاف حسین ، محمد انوراور افتخار حسین کی مشروط حوالگی کی پیش کش کی ہے جس میں برطانوی محکمہ داخلہ نے شرط عائد کی ہے کہ اگر حکومت پاکستان ملزمان کو سزائے موت نہ دینے کی یقین دہانی کرائے تو نامزد ملزمان حوالے کر دئیے جائیں گے ۔دوسری طرف حکومت نے برطانیہ کی پیش کش پر قانونی مشاورت شروع کر دی ہے ۔ وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سزائے موت کے قانون کی موجودگی میں برطانیہ کو تحریری ضمانت نہیں دی جا سکتی ، الطاف حسین ، محمد انور اور افتخار حسین کی سزا کے تعین کا فیصلہ عدالت کرے گی۔