اسلام آباد میں ایکسل لیبز کے زیر اہتمام علاج گاہ کا افتتاح
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایکسل لیبز کی جانب سے منعقد کی گئی تعارفی تقریب میں طبی ماہرین پر مشتمل ایک علاج گاہ (کنسلٹنٹس پلیس) جس میں ’’متعدد خصوصی طبی سہولیات‘‘ میسر ہیں‘ کا افتتاح ربن کاٹ کر کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نصیر احمد کے ساتھ بہت سی ممتاز شخصیات‘ میڈیکل کمیونٹی کے ارکان اور سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔ کنسلٹنٹس پلیس میں ذیابیطس کے لئے انتہائی معیاری سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں متعلقہ مرض کے ماہر معالج دستیاب ہوں گے جو ابتدائی مرض کی علامات کی دیکھ بھال کریں گے جبکہ ساتھ ہی اعلی معیار کے ٹیسٹ کی سہولت بھی نیچے مرکزی لیب میں موجود ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نصیر احمد نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک بھر میں اعلی خدمات کی فراہمی کے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد میں معیاری طبی سہولتوں کے ادارے کی اشد ضرورت ہے اور کنسلٹنٹس پلیس مریضوں کے لئے بہترین ماحول فراہم کرے گا۔ جہاں وہ بغیر کسی پریشانی کے ایک ہی چھت تلے متعدد طبی سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔