وفاقی وزیر صحت نے بھارہ کہو میں زچہ و بچہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اسلام آباد بھارہ کہو میں زچہ و بچہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اس موقع پر وفاقی وزیر صحت نے عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کو صحت کے حوالے سے ماڈل سٹی بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور اس حوالے سے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40 بستروں پر مشتمل ماں اور بچے کا یہ ہسپتال جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا۔ یہ منصوبہ 31 دسمبر 2019 کو انشااللہ مکمل ہو گا۔ ہسپتال سے براہ راست ایک لاکھ آبادی اور اس کے علاوہ دوسرے علاقوں سے آنے والی پانچ لاکھ آبادی بھی مستفید ہوگی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ہسپتالوں پر دبائو کم کرنے کیلئے ترلائی میں ایک جنرل ہسپتال پر جاری ہے ۔ آئی سی ٹی میں مستند اعداد وشمار حاصل کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کا قیام عمل میں لایا جا ئے گا۔