نقل پکڑے جانے پرطالبعلم کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پرتشدد ،شدید زخمی کر دیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی تعلیمی کے زیر انتظام جاری نویں جماعت امتحانات میںامتحانی سینٹرز میں ناکارہ سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے نویں جماعت طالب علم نے نقل پکڑنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو تشدد کرکے شدید زخمی کر دیا ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد رمضان کے چہرے پر آنکھ کے قریب شدید زخم آئے ہیں،گذشتہ روز اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز کری میں نویں کا پیپر شروع ہوا تو صبح دس بجے امتحانی سنٹر میں ڈیوٹی کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد رمضان نے ایک طالبعلم کو نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا اور اس سے نقل کا موا دبھی برآمد کر لیا جس پر وہ طالبعلم اشتعال میں آگیا اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو دھمکیاں دینی شروع کردیں اسی اثنا میں اس نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر کسی لوہے کے تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا جو استاد کی آنکھ کے قریب لگا اور خون بہنے لگا ،طالبعلم موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا ،استاد کا کہنا ہے کہ طالبعلم کی طرف سے خنجر کا وار کیا گیا ،موقع پر موجود عملہ نے استادکی فوری طور پر مرہم پٹی کرائی ،بعد ازاں استاد کی طرف سے تھانہ بنی گالہ میں رپٹ درج کرادی گئی ہے ،ٹیچرز ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر ملک امیر نے امتحانات میں ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کو سیکویرٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملزم کو گرفتار کر کے کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو اساتذہ امتحانات کے عمل کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔