مداح مجھے چھکوں کی مشین سمجھتے ہیں، آخری ورلڈ کپ کو یادگار بنانا ہدف ہے،گیل
جمیکا (اے پی پی) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے مداح مجھے چھکوں کی مشین سمجھتے ہیں، مجھے خود بھی گیند کو بائونڈری سے باہر جاتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ روایتی کھیل پیش کر کے شائقین کو تفریح کا موقع فراہم کروں، کیریئر کے آخری ورلڈ کپ کو یادگار بنانا ہدف ہے۔ ویسٹ انڈین بلے باز جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں اور ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے خطرناک بلے بازوں میں کیا جاتا ہے اور شائقین بھی ان کی بیٹنگ سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ گیل نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ شائقین انہیں چھکوں کی مشین سمجھتے ہیں، ان کی مرضی ہوتی ہے کہ جب میں بیٹنگ کیلئے آئوں، بٹن دبائوں اور چھکے لگاتا جائوں اور میں خود بھی اپنے چھکوں سے لطف اٹھاتا ہوں، گیند کو بائونڈری سے اچھلتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ساتھی کھلاڑی مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں نے اننگز میں کتنے چھکے لگائے تو میں انہیں بتا دیتا ہوں لیکن چوکوں کے بارے میرا جواب ہوتا ہے کہ مجھے معلوم نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہے، کوشش ہو گی کہ جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے اسے یادگار بنائوں، ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے مجھے امید ہے کہ ٹیم مستقبل میں اچھا پرفارم کر کے فتوحات حاصل کرے گی۔ واضح رہے کہ گیل کو انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ چھکے لگانے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، انہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 517 چھکے لگا رکھے ہیں۔