العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس ، سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (وقائع نگار) العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی ۔ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے آج کی سماعت کے لیے بیماری کے باعث حاضری سے استثنا کی متفرق درخواست دائر کر دی ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو احتساب عدالت سے سنائی گئی سزا کاالعدم قرار دینے کی مرکزی اپیل پر آج سماعت کرے گا ۔نواز شریف کے وکیل نے آج کی سماعت کے لیے نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی متفرق درخواست دائر کی ہے جس کے ساتھ شریف میڈیکل سٹی اسپتال کے ڈاکٹر امجد اقبال کی طرف سے جاری سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو بیماری کے سبب علاج کے لیے چھ ہفتوں کی ضمانت دی ہے ان کے روزانہ مختلف میڈیکل ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اس لیے وہ آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔