شکر گڑھ: کرتار پور منصوبے سے متاثرہ دیہات کے سینکڑوں مکینوں کا احتجاج، ٹریفک معطل
شکرگڑھ (نامہ نگار) کرتار پور راہداری منصوبے کے حوالے سے منصوبہ سے متاثرہ دیہات کے سینکڑوں مکینوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھاری قرضے لے کر فصلیں کاشت کیں جنہیں تباہ کر دیا گیا۔ احتجاج کے باعث نورکوٹ۔ نارووال روڈ کئی گھنٹے بند، ٹریفک معطل رہی۔ شہریوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ گذشتہ روز دربار بابا صاحب کرتار پور کے مضافات کے دیہات دودھے، کوٹھے، ننگل، کراراں والی، چک مانک کے شہریوں نے نارووال نورکوٹ روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا جس سے ٹریفک بلاک ہو کر رہ گئی۔ مظاہرین میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی جنہوں نے ہاتھوں میں لاٹھیاں اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری منصوبے میں ہماری زمینیں آرہی ہیں، فصلیں تباہ ہو رہی ہیں جب جس کا جہاں جی چاہتا ہے وہ ہیوی مشینری انکی زمینوں میں ڈال دیتے ہیں اور کہتے یہ زمینیں ہماری ہوگئیں۔ کھیتوں میں بھاری مشینوں سے کھڑی قیمتی فصلیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ ہم نے بھاری قرضے اٹھا کے فصلیں تیار کیں اب ہمیں بے دخل کیا جاتا ہے۔ کئی ماہ گزر گئے لیکن کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔ نورکوٹ شکرگڑھ پولیس ڈی ایس پی ملک خلیل اور اسسٹنٹ کمشنر شکرگڑھ موقع پر پہنچے جنہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کئے جس کے بعد مظاہرین میں سے پانچ مرد اور تین خواتین بات چیت کے لئے منتخب ہوئے جنہیں اے سی شکرگڑھ اپنے ساتھ لے کر ڈی سی او نارووال کی طرف روانہ ہوئے۔