وفاقی پولیس نےامریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا
وفاقی دار الحکومت میں امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے بعد اسلام آباد کی پولیس نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر ان کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست کردی۔ اسلام آباد کی پولیس نے خط میں درخواست کی ہے کہ متعلقہ مقدمے کے فیصلے تک کرنل جوزف کو ملک چھوڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔ وزارت داخلہ سے درخواست کی گئی ہے کہ امریکی سفارتکار کو تفتیش مکمل ہونے تک پاکستان سے باہر نہ جانے دیا جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ 'باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ملک سے باہر جانے والے ہیں اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے'۔ یاد رہے کہ 7 اپریل کی سہہ پہر تین بجے امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔ وقوعہ کے روز غیرملکی ایئرلائن کی پرواز پر کرنل جوزف کی بکنگ تھی اور اسلام آباد پولیس نے بھی ایف آئی اے کو اس حوالے سے خط لکھ دیا تھا۔