عوام ایمنسٹی سکیم کو این آر او کا نام دے رہے‘ پارلیمنٹ میں زیربحث لاکر نافذ کی جائے: ناہید خان
لاہور (این این آئی) بینظیر بھٹو شہید کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ حکمران جماعت پارلیمنٹ کی بالادستی کا راگ تو الاپتی ہے لیکن تمام فیصلے اس سے بالا بالا کئے جاتے ہیں، ایمنسٹی سکیم کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لا کر اس کا نفاذ کیا جانا چاہئے تھا کیونکہ اب عوام اسے این آر او کا نام دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی جانب سے حالیہ سرگرمیاں صرف وارم اپ ہے اس کا عام انتخابات میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ایک انٹرویو میں ناہید خان نے کہا کہ حالیہ برسوں میں آنے والی حکومتوں میں عوام کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پیپلزپارٹی خود کو اپوزیشن کہتی ہے لیکن اس نے بھی کچھ لو اور کچھ دوکی پالیسی اپنائے رکھی جس پر عوام میں سخت غصہ پایا جاتا ہے۔