نواز شریف اورمریم نواز کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج ہو گی، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ جے آ ئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر آج آٹھویں روز بھی جرح جاری رکھیں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر فاضل جج محمد بشیر کی ناساز طبیعت کے باعث سماعت آج تک ملتوی کردی گئی تھی۔ وکیل صفائی خواجہ حارث مسلسل آٹھویں سماعت پر واجد ضیا پر جرح کریں گے جب کہ اس سے قبل جے آئی ٹی سربراہ مسلسل 6سماعتوں کے دوران اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔خواجہ حارث کی جرح مکمل ہونے کے بعد مریم نواز اور کیپٹن(ر)محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز جرح شروع کریں گے۔