دنیا یاد رکھے کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ بن کر رہیگا،حامد موسوی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان سے زیادہ قربانیاں کسی اور ملک نے نہیں دیں، معیشت تہس نہس کردی گئی لیکن ہماری قربانیوں کو تسلیم کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں، عالمی سرغنے کا ڈومور کا مطالبہ بدستور جاری ہے، پاکستان پر یکطرفہ عسکری کاروائی کے خطرات منڈلارہے ہیں،ہماری سفارتکاری اس قدر ناکام ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی دھجیاں بکھیر کررکھ دی ہیں،بھارتی سورما پاکستان پر پانی کی بوند بوند روکنے کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ سندھ طاس معاہدے پر عمل کروانے میں ناکا م ہمارے حکمران کھوکھلے بیانات دے رہے ہیں،دنیا یاد رکھے کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ بن کر رہیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید ایاز علی شاہ کی سرکردگی میں مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع اسلام آباد کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آقای موسوی نے باورکرایا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان کوتنہاکرنے کااعلان کرکے اپنی تمامترتوانائیاں اس مقصدکیلئے استعمال کررہاہے ، فنانشل ایکشن ٹاکس فورس میں شامل کرنے کیلئے پاکستان کوگرے لسٹ میں ڈلوایامگرکسی ملک نے ہماری حمایت نہیں کی بلکہ پراعتماد دوست ممالک بھی آخری لمحات میں حمایت سے دستبردار ہوگئے۔