قومی کتاب میلہ میں پی سی ٹی بی کی نصابی کتب کا سٹال
اسلام آباد(نا مہ نگار)پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں قومی کتاب میلہ کے انعقاد کے موقع پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے بھر پور شرکت کی۔ اس موقع پر پی سی ٹی بی کی نصابی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا اس سلسلے میں بورڈ کے ڈائریکٹر آئی ٹی محمد عبداللہ اور میڈیا کوارڈینیٹر رانا طارق محمود نے قومی کتاب میلہ کے شرکا کو بورڈ کی نصابی کتب اور ورکنگ کے احوالے سے بریفنگ دی۔ رانا طارق محمود نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ ہر سال بارہ کروڑ سے زائد نصابی کتب تیار کرتا ہے۔ اس سال فروری کے آخر تک تقریبا تمام نصابی کتب مہیا کر دی گئی تھیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی سی ٹی بی ایکٹ دو ہزار پندرہ کے سیکشن دس کے مطابق پہلی سے بارہویں جماعت تک نصاب سے متعلق مواد کی اشاعت کے لئے بورڈسے پیشگی منظوری لینا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں نصابی کتب کی کلیرنس کا کام جاری ہے۔ اب تک ایک ہزار سے زائد کتب بورڈ کو موصول ہو چکی ہیں۔ نجی پبلشرز کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلی سے بارہویں تک کسی کتاب کا مواد جو نصاب سے متعلق ہو پی سی ٹی بی سے کلیرنس سرٹیفکیٹ لیں۔ پہلے مرحلے میں اردو اسلامیات انگریزی اور سوشل سٹڈیز کی کتب کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک ملک ایک قوم اور ایک سوچ کی بنیاد پر نصاب سازی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر متحدہ علما بورڈ کی زیر نگرانی تیار کئے جانیوالا کتابچہ محفوظ بچے مضبوط پاکستان بھی تقسیم کیا گیا۔