ملک ابراراور چوہدری ایاز نے بلاتفریق ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے،ملک نصراللہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن یوتھ آرگنائزیشن راولپنڈی کے ڈویژنل صدرملک نصراللہ نے کہا ہے کہ شہر اور کینٹ کے دیگر علاقوں کی طرح اڈیالہ روڈ بالخصوص ڈھوک جمعہ میں ترقیاتی کاموں پر تیز رفتاری سے عمل ہو رہا ہے،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھوک جمعہ کی تعمیر بھی شروع کرادی گئی ہے جس کا تمام تر کریڈٹ ایم این اے ملک ابرار کو جاتاہے ،ملک ابراراورسابق ایم پی اے چوہدری ایازکا شکریہ اداکرتے ہیں انہوں نے علاقے میں بلاتفریق ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے،ان خیالا ت کااظہارانہوں نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے مقامی راہنمائوں اور معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مسلم لیگ یوتھ آرگنائزیشن پنجاب کے سینئر نائب صدر ذوالفقار بھٹی ودیگر بھی موجود تھے۔۔ملک نصراللہ نے کہا کہ ڈھوک جمعہ میں سکول کا مسئلہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس پر کام شروع کرکے مسلم لیگ ن کی حکومت اور ملک ابرار احمد نے عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ یہ علاقہ کل بھی مسلم لیگ ن کا گڑھ تھا ، آج بھی ہے اور آنے والے کل میں بھی مسلم لیگ ن کا ہی گڑھ رہے گا ۔ انہوں نے ملک ابرار احمد اور ن لیگی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ترقیاتی کام بالخصوص سکول کی تعمیر شروع کروائی۔