ڈرامہ کیمپوں میں درجنوں عوام سے خطاب‘ عمران کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن راولپنڈی میٹرو پولیٹن کے صدر سابق ایم پی اے اور میئر سردار نسیم نے کہا ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید راولپنڈی سے ایم این اے منتخب ہونے کے 5 سال بعد پہلی بار عوام میں نمودار ہوئے ہیں عوام نے انہیں یکسر مسترد کر دیا ہے ٹیکسلا‘ گوجرخان‘ کلرسیداں‘ کہوٹہ‘ مری‘ وغیرہ سے کارکنوں کو درآمد کرنے کے باوجود انہیں رکن سازی کے ڈرامہ کیمپوں میں ’’درجنوں‘‘ عوام کے خطاب کرکے صرف مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے اسے وہ کسی صورت چھپا نہیں سکتے رکنیت سازی کے نام پر 20-10 پچاس موٹر سائیکل سواروں اور جھنڈا بردار گاڑیوں کے ذریعے راولپنڈی شہر اور کینٹ کے شہریوں کو ٹریفک جام میں مبتلا کرنے کی کوشش کی گئی میں خود ٹریفک میں پھنسا رہا پشاور روڈ پیرودھائی موڑ پر ٹریفک کا رخ بدلنے اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام کرنا ان کے دورے کی ناکامی کا ثبوت ہے ۔