فصلوں کی پیداوار کے مقابلے اضلاع کی سطح پر کئے جائیں گے: سیکرٹری زراعت
لاہور (نیوز رپورٹر) محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ فصلوں کے صوبائی و ضلعی سطح پر مقابلہ جات کروانے سے کاشتکاروں میں ایک نئی تحریک پیدا ہو گی اور زرعی پیداوار میں کاشتکار ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ایگری ٹیک ایکسپو 2018 پاکستان میں کاشتکاروں کو صوبائی سطح پر قیمتی زرعی مشینری کے انعامات دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ ضلعی سطح پر فصلوں کے پیداوار مقابلہ جات جیتنے والوں کیلئے تقریب کا اہتمام ان کے متعلقہ اضلاع میں کیا جائے گا اور انہیں بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں اور ایک صحت مندانہ مقابلہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے یہ فصلوں کے پیداواری مقابلہ جات 2018-19 میں بھی جاری رہیں گے۔