طبی سہولیات کی رسائی میں پاکستان کا 52 واں نمبر ہے: ڈاکٹر کامران
لاہور(نیوزرپورٹر)گلوبل ایکسیس ٹو ہیلتھ کیئر انڈکس رپورٹ کے مطابق عوام کیلئے طبی سہولیات کی رسائی میں ساٹھ (60) ممالک میں سے باونواں (52) نمبر ہے اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ میں نوزائیدہ بچوں کی اموات ، ماؤں کی زچگی کے دوران اموات میں پاکستان سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔گندے پانی کے استعمال، ماحولیاتی آلودگی سے پھیلنے والی بیماریاں پاکستانی صحت کے نظام پر ایک طمانچہ ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر کامران سعید ، جنرل سیکریٹری پی ایم اے پنجاب نے پی ایم اے ہاؤس میں ورلڈ ہیلتھ ڈے پر ہونے والے اجلاس میں کیا جس کی صدارت پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری نے کی۔ اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ہیلتھ پالیسی تشکیل نہیں دی جا سکی۔ سرکاری ہسپتالوں پر عوام کی عدم تسلی، پرنٹ، سوشل، الیکٹرونک میڈیا پر حقائق کی تصویر کشی، میڈیکل سے متعلق نمائندہ تنظیموں کے مسلسل احتجاج، ادویات کی عدم دستیابی حالات کی ابتری کی غمازی کرتے ہیں۔