شہباز شریف کا کراچی اور پشاور کو لاہور جیسا بنانے کا عزم
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما سینیٹر سلیم رضا سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پر اُنہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ ن کو آئندہ الیکشن میں عوام کی خدمت کا موقع دیا تو خیبر پی کے میں بھی ترقی اور خوشحالی کے ریکارڈ قائم کریں گے۔ کراچی، پشاور اور کوئٹہ کو بھی لاہور جیسا ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔
گزشتہ پونے پانچ برس کے دوران، اپوزپشن کی قدم قدم پر رکاوٹوں کے باوجود، پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں تعمیر و ترقی کے جتنے میگا پراجیکٹ مکمل ہوئے ہیں، اُنہیں دیکھتے ہوئے، وزیر اعلیٰ کا ملک کے دوسرے حصوں اور کراچی، پشاور اور کوئٹہ کو بھی لاہور جیسا ترقی یافتہ شہر بنانے کا دعویٰ کھوکھلا نعرہ یا انتخاب جیتنے کے لئے عوام کو فریب دینے کی کوشش قرار دینا زیادتی ہو گی۔ ملک میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص جتنا کام ہوا ہے عوام سے مخلص حکومتیں ہی محدود وسائل میں اتنا کام کر سکتی ہیں۔ صوبے اور ملک میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی، تو دہشت گردی اور امن و امان کی ابتر صورتحال دو بہت بڑے چیلنج تھے۔ لیکن بڑی تندہی اور بے جگری کے ساتھ ان چیلنجوں کا مقابلہ کیا گیا۔ 2013ء میں ملک میں لوڈشیڈنگ کا یہ عالم تھاکہ 18‘ 18 گھنٹے بجلی غائب رہتی تھی‘ لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال کے قلیل عرصے میں قوم کو کافی حد تک اس مصیبت سے بھی نجات دلا دی۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی کی غیرملکی حکومتیں اور شخصیات ستائش کر چکی ہیں۔ لاہور‘ ملتان اور اسلام آباد کے شہریوں کو سفر کی سہولتوں کیلئے میٹرو اور اورنج ٹرین منصوبے دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید ہیں۔ لاہور اورنج ٹرین کا منصوبہ بہت پہلے مکمل ہو جاتا اگر اس کام کی راہ میں رکاوٹیں نہ کھڑی کی جاتیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ روزخود اورنج ٹرین تعمیرات کا معائنہ کیا۔ جن لوگوں نے دھرنوں‘ ہڑتالوں‘ امتناعی احکامات کی کثرت کے باوجود ساڑھے چار سال میں اتنا کام کر دکھایا‘ انصاف کا تقاضا ہے کہ ایسے آزمودہ مردان کار پر اعتماد کیا جائے کہ وہ جو کچھ کہہ رہے ہیں‘ اگر عوام نے انہیں موقع دیا تو وہ اس پر عمل بھی کر دکھائیں گے۔