کشمیر میں انسانیت قتل ہو رہی ‘دل نہ جیتے تو آزادی کا نعرہ لگے گا:فاروق عبداللہ
سرینگر(اے این این )نیشنل کانفرنس صدر و ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بندوق کسی بھی مسلے کا حل نہیں ہے اور پاکستان اپنے ملک کے حالات سدھار نے میں ناکام ہواہے تو وہ ریاست جموں کشمیر کو کیا سنبھالے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے حالات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں وہاں کے بچے قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، آج انہیں بندوق کی گولی کا ڈر نہیں ہے اور نہ ہی کشمیر کے بچے اپنے والدین کے کنٹرول میں ہیں کیونکہ موجودہ سرکار نے ان نوجوانوں کے حق دبا لئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئے دن کشمیر میں انسانیت کا قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بچے مر رہے ہیں اور ریاستی حکومت کوئی بھی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے کہا اگر آپ ریاست کے نوجوانوں کے دل نہیں جیتیں گے تو وہ ضرور آزادی کا نعرہ لگائیںگے مگر وہ راستہ ہمارا نہیں ہے ۔