عمران کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں نوازشریف کی زیرقیادت جتنے کام ہوئے ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی : شہبازشریف
لاہور/ ٹوبہ ٹیک سنگھ/ کمالیہ/ جکھڑ (خصوصی رپورٹر+ نمائندگان) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام بتائیں گے کہ ہم نے کتنی خدمت کی۔ صوبہ کی 11کروڑ عوام کے لئے اپنا خون پسینہ بہایا۔ اللہ تعالی کے فضل اور عوام کی تائید سے اگلے الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کی منفی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔ نوجوان بلاول کے بیان کے بعد اب کوئی ابہام نہیں رہاکہ پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو سینٹ کے الیکشن میں ووٹ دیا- بلاول نے سینٹ الیکشن کی حقیقت بتا دی۔ مسلم لیگ (ن) مضبوط ہو تو پاکستان مضبوط ہوگا اور پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیر بنے گا پاکستان، اسی نعرے پر پاکستان کے عوام کے دل دھڑکتے ہیں۔ غربت ختم ہوگی، قوم ترقی کریگی، صنعت و زراعت کو فر وغ ملے گا ، مزدور کو روزگار ملے گا تو میں دیکھوں گا کہ کون پاکستان کے پاسپورٹ کی بے عزتی کرتا ہے۔ گزشتہ 5 سال میں محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اور پنجاب میں جو بے مثال اور شاندار ترقیاتی کام کئے ہیں ان کی پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ 2013ءمیں جب مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آئی تو ملک میں ہر طرف اندھیروں کا راج تھا، بجلی جاتی تھی تو واپس نہیں آتی تھی۔ ہماری حکومت نے گزشتہ پونے 5 برسوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے مکمل کئے ہیں جن سے پورے پاکستان کیلئے بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ 2013 ءمیں بجلی 22، 22 گھنٹے جاتی تھی جبکہ آج گرمی کے موسم میں بھی بجلی موجود ہے اور اگر اللہ نے چاہا تو روا ں سال کے آخر میں پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائیگا۔ تحریک انصاف اور اسکے لیڈر عمران نیازی نے 2014ءمیں اسلام آباد میں دھرنے دیکر مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کیخلاف نہیں بلکہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کے خلاف سازش کی۔ تحریک انصاف کی سیاست انتشار، دھرنوں، تالہ بندی، لاک ڈاﺅن، اداروں کو یرغمال بنانا، پارلیمان پر حملہ کرنا، گالم گلوچ، الزام تراشی اور مخالفین کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنا ہے۔ اگر عوام نے ہمیں اپنے ووٹ کی طاقت سے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو تحریک ا نصاف اور اسکے لیڈر کی اس منفی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار کمالیہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پچھلے 5 سال کے دوران ساڑھے 12 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پکیاں سڑکا ں تے سوکھے پینڈے پروگرا م کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دیہی علاقوں میں شاندار کارپٹڈ سڑکیں بنائی گئی ہیں۔ 45کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تعمیر نو کی جا رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملتان میں میٹروبس آچکی ہے، دوبارہ خدمت کا موقع ملاتو فیصل آباد میں بھی میٹروبس لائیں گے اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ترقی کے لحاظ سے فیصل آباد کے ہم پلہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے دن رات محنت سے کام کیا ہے۔ گزشتہ ساڑھے 9 سالوں میں پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے قوم کے غریب، بے سہارا اور یتیم ہونہار بچے اور بچیوں کو 11ارب روپے کے تعلیمی وظائف دئےے گئے ہیں اور اس تعلیمی فنڈ سے ہزاروں بچے اور بچیاں ڈاکٹرز، انجینئرز بن کر ملک وقوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ میں پوچھتا ہوں کہ یہ انقلاب نہیں تو اور کیا ہے۔ محمد نوازشریف اور پنجاب کی حکومت نے کسانوںکو آدھی قیمت پر کھاد فراہم کی اور زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کی مد میں اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی اور ملک کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو اربوں روپے کے بلاسود قرضے دئےے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ مخالفین ہمارے کاموں کی مخالفت کررہے ہیں جنہوں نے اپنے صوبوں میں داخل ہو کر عوام سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کیا۔ وقت آگیاہے کہ ہمیں ذاتی انا اور ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے او رمخالفت برائے مخالفت کی روش کو ختم کرنا ہے۔ پاکستان سے غربت، جہالت، بیروزگاری کے خاتمے، کشکول گدائی توڑنے اور پاکستان کو قائد و اقبال کے تصورات کے مطابق عظیم ملک بنانے کیلئے ذاتی جھگڑوںاور جھوٹے الزامات لگانے کی سیاست کو خیر باد کہنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کے بعد کسی اور ثبوت کی ضرورت نہیں کہ نوجوان بلاول زرداری نے کہاکہ عمران انکل آپ کہتے تھے کہ ہم پیپلز پارٹی کے سا تھ نہیں بیٹھیں گے تو آپ نے سینیٹ کے الیکشن میں ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے امیدوار کو ووٹ دئےے۔ انہوںنے کہاکہ یہ وہی عمران نیازی ہے جو زرداری کو بہت برے الفاظ سے پکارتے تھے۔ نیازی صاحب آپ کس کو بیوقوف بنا رہے ہو؟ وزیراعلی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ ہم نے گزشتہ 5 سال میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ ہم بھی انسا ن ہیں، غلطیاں انسانوں سے ہوتی ہیں۔ ہم نے دل و جان سے نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بیٹے اور بیٹیاں خون کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم او راس کی مسلح افواج نے نہتے کشمیروں پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔ ہمیں موقع ملا تو آئندہ 5 سالوں میں دن رات محنت کر کے پاکستان کومعاشی طور پر مضبوط بنائیں گے، سبز ہلالی پرچم ترقی کی بلندیوں کو چھوئے گا اور سبزپاسپورٹ کی دنیا کے تمام ائیرپورٹ پر عزت ہوگی، پھر انشاءاللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور ضلع میں 2 ارب 11 کروڑ 28 لاکھ کے 14 زیرتکمیل منصوبوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کےلئے 2 ارب 62 کروڑ 39 لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغازبھی کیا گیا۔ 16کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے گوجرہ میں سنتھٹک آسٹروٹرف کی بحالی کے منصوبے پر نوجواں کھلاڑیوں کا جوش خروش دیدنی تھا۔
شہباز شریف