نیازی نے نوازشریف نہیں عوام کیخلاف سازش کی الزامات کی سیاست کرنیوالوں کو دفن کر دینگے : شہبازشریف
ٹوبہ ٹیک سنگھ/ جکھڑ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نےکمالیہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سالوںمیں میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک اور صوبے میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اتنے شاندار ترقیاتی عوامی کام پہلے کبھی نہیں ہوئے، 2013ءمیں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تھی تو بجلی جاتی تھی اور واپس نہیں آتی تھی، آج ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے، اب لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا اور عوام کبھی لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے دوچار نہیں ہونگے، ہم نے آکر سب سے پہلے انرجی بحران پر قابو پایا، ساہیوال، بھکی، جھنگ، بلوکی، حویلی بہادر شاہ سمیت بڑے بڑے منصوبے چین کے تعاون سے پانچ ہزار منصوبے لگائے، پورٹ قاسم میں 1320 میگاواٹ کا منصوبہ لگایا جارہا ہے، 70سال میں کسی حکومت نے اس طرح عوام کی خدمت نہیں کی جتنی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کی ہے، مسلم لیگ (ن) نے دیہات میں ”پکیاں سڑکاں اوکھے پینڈے“ کے نام سے سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پانچ سالوں میں ساڑھے بارہ ارب روپے سے سڑکیں، جمنیزیم، گوجرہ میں ہاکی سٹیڈیم میں ٹرف بچھائی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ای لائبریری بنائی گئی، کمالیہ میں چالیس کروڑ روپے سے واٹرسپلائی، ٹوبہ ، پیر محل، گوجرہ میں 90کروڑ روپے سے واٹرسپلائی، پنجاب اینڈونمنٹ فنڈز کے ذریعے مستحق طلباءو طالبات کو تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں، اینڈونمنٹ کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں بچے ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر پروفیشنلز بن کر پاکستان کی خدمت کررہے ہیں، بہت سے طلباءباہر کے ممالک میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ 45 کروڑ روپے سے دوبارہ تعمیر ہو رہا ہے، اعلیٰ معیار کی ادویات کی فراہمی مفت کی جارہی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہسپتال کے معیار کو بلند کیا جارہا ہے، کھاد کی قیمتیں پچاس فیصدکم کیں، ٹیوب ویل کے بلوں میں کسانوں کو اربوں روپے سبسڈی دی گئی، پنجاب حکومت نے ستر سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بغیر سود کے کسانوں کو اربوں روپے کے قرضے دئیے، ان پانچ سالوں میں خدمت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، آج ہمارے کاموں کی وہ لوگ مخالفت کررہے ہیں جنہوں نے اپنے صوبوں میں عوام کے ساتھ ہاتھ بھی نہیں ملانا پسند کیا، مخالفین نے اپنے صوبوں میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ہے، آئندہ موقع ملا فیصل آباد میں بھی میٹرو لے کر آئیں گے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فیصل آباد بنا دیں گے، تحریک انصاف کے لیڈر عمران نیازی نے 2014ءمیں 7مہینے دھرنا دے کر نوازشریف کے خلاف سازش نہیں کی بلکہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کےخلاف سازش کی، 2014ءمیں چینی صدر کے دورے کو ملتوی کروایا گیا جس کی وجہ سے پاکستان کی ترقی کے سفر کو روکنے کی ناپاک سازش کی گئی، تالا بندیوں، اداروں کو یرغمال بنانے، پارلیمان پر حملہ کرنے، نازیبا الفاظ اور جھوٹے الزامات کی سیاست کرنے والوں کو عوام کی طاقت کے ساتھ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے۔ بلاول نے سینٹ الیکشن کی حقیقت بتا دی ہے، عمران خان کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں، بلاول نے کہہ دیا ہے عمران انکل آئندہ بھی پی پی کو ہی ووٹ دیں گے۔ جھوٹے الزامات کی ناپاک ترین سازش کا خاتمہ کرنا ہوگا، ایم این اے چوہدری اسدا لرحمن، ایم این چوہدری خالد وڑائچ ، ایم پی اے پیر علی بابا اور ضلعی چیئرمین فوزیہ خالد وڑائچ نے جب بھی مجھ سے ملاقات کی ہے تو ہمیشہ عوامی مفادات کی بات ہی کرتے ہیں، کبھی ذاتی مفادات کو ترجیح نہیں دی، ہمیشہ ترقیاتی منصوبہ جات ہی مانگتے رہتے ہیں کبھی زندگی میں مجھے ذاتی کام کے لیے انہیں نے نہیں کہا ہے، یہ لوگ جب بھی میرے پاس آئے ہیں تو آپ لوگوں کے کاموں کیلئے ہی آتے ہیں، پاکستان کو غربت سے نکالنے اور قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔ ایم این اے چوہدری اسد الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ میاں نوازشریف وہ شیردل لیڈر اور مرد مومن ہے جس نے تمام دھمکیوں کی پروا کیے بغیر ایٹمی دھماکے کیے اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا لیکن ایک سازش کے بعد دونوں بھائیوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر حملہ کے بعد نام نہاد کمانڈو پرویز مشرف نے امریکہ کے ایک ڈپٹی سیکرٹری کے ایک فون پر پاکستان کے تمام اڈے امریکی فوجوں کے حوالے کر دیا، وہاں سے بیٹھ کر امریکہ نے افغانستان پر حملے کیے جس کے نتیجے میں وہ ہمارے دشمن بن گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے جلسہ میں مقامی ایم پی اے سمیت چیئرمین بلدیہ کمالیہ اور مسلم لیگ (ن) کے متعدد کونسلرز نے جلسہ میں شرکت نہ کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے جلسہ کمالیہ حلقہ پی پی 88 سے مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے نازیہ راحیل سمیت ضلعی کے دیگر مسلم لیگی ایم این اے جنید انوار، ایم پی اے ایوب گادھی، ایم پی اے امجد جاوید، ایم پی اے میاں رفیق نے اسد الرحمن گروپ سے اختلافات کے سبب جلسہ میں شرکت نہیں کی جبکہ کمالیہ میونسپل لمیٹی کے چیئرمین ملک شریف اور ایم پی اے نازیہ راحیل گروپ کے تمام کونسلرز نے بھی جلسہ کا بائےکاٹ کیا۔ اس سے قبل ملک شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین محمد شریف ملک نے صحافیوں کو جلسہ میں شامل نہ ہونے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ کی تیاریوں کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ و مشینری دن رات کام کر رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی کمالیہ آمد خوش آئند ہے وہ مسلم لیگ کے صدر ہیں اور ہمارے قائد بھی ہیں مگر ہمیں ان کے دورہ کے حوالہ سے مقامی قیادت کی جانب سے شمولیت سمیت تیاریوں کے مراحل میں نظرانداز کیا گیا ہے چونکہ جلسہ شہر کے وسط میں منعقد ہورہا ہے اس لیے سپاس نامہ ہمارا حق تھا، مسلم لیگ کے کونسلرز سمیت ورکز اس بات سے ناراض ہیں اس لیے تمام صورتحال سے متعلق جناب وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
شہباز شریف