گاڑی ٹکرانے سے نوجوان کی ہلاکت : امریکی سفیر طلب‘ احتجاج ریکارڈ‘ ملٹری اتاشی کو چھوڑنے پر وزیر داخلہ برہم‘ آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب
اسلام آباد(صباح نیوز‘ آن لائن‘ اے این این)پاکستان نے امریکہ فوجی اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پرامریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ڈیوڈ ہیل سے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں تعینات ایئر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے ایک نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ پر احتجاج کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی سفیر سے پاکستان کا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی سفیر نے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ پر اظہار افسوس اور اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔امریکی سفارتکارکرنل جوزف نے گزشتہ روز سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوارعتیق کو کچل دیا تھا۔واقعہ میں عتیق کا کزن شدید زخمی ہوا تھا۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا اس معاملے میں ملکی قوانین اور ویانا کنونشن 1961 کے مطابق انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔واقعے پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورکہا امریکی سفارتخانہ حادثے کی تحقیقات کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گا۔دوسری جانب امریکی سفارتکارکی گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔ عتیق بیگ نامی نوجوان کی نمازجنازہ آبائی گاﺅں تلہاڑ میں اد اکی گئی۔نماز جنازہ میں عزیز واقارب کے علاوہ علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔ بعدازاں اسے سپردخاک کردیا گیا۔ ادھر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر حادثے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا امریکی سفارتکار نے واضح طور پر ٹریفک قانون توڑا جس کے باعث نوجوان جاں بحق ہوا۔ امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کہا گیاپاکستان میںتعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور دیگر سفارتی عملے کو گزشتہ روز امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کے حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کی ہلاکت پر شدید افسوس ہے اور غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا امریکی ملٹری اتاشی جوزف عمانیویل اور دیگر عملہ حادثے کی تحقیقات میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے اور اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ بیان میں کہا گیااسلام آباد انتظامیہ کے تحقیقاتی ادارے اس حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں اور جلد اس کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کردی جائے گی۔امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی نوجوان راحیل کو پولی کلینک ہسپتال کے سرجیکل وارڈ ٹو میں منتقل کردیاگیا ہے۔راحیل کی پنڈلی اور ایڑی کی ہڈی ٹوٹی ہوئی ہے جس کے آپریشن کا حتمی فیصلہ آج پیر کے روز ڈاکٹروں کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔زخمی نوجوان راحیل نے اپنے بیان میں امریکی ملٹری اتاشی کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی اسی کی تھی کیونکہ ہمارا اشارہ کھلا تھا جبکہ دوسری جانب بھی تمام گاڑیاں رکی ہوئی تھیں لیکن امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی نے اشارہ توڑتے ہوئے ہمیں کچل دیا جس سے عتیق موقع پر جاں بحق ہوگیا اور مجھے کافی چوٹیں آئیں،اس کے بعد مجھے کوئی ہوش نہ رہا لیکن اتنا یاد ہے کہ غلطی اسی گاڑی کی تھی۔ واقعہ کی مکمل رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے۔وزارت داخلہ نے رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او سے وضاحت طلب کرلی۔رپورٹ کے مطابق گاڑی نے سگنل کی خلاف وزری کی،ٹریفک پولیس اہلکار نے رپورٹ میں اپنامو¿قف بیان کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے بعد پولیس نے ملزم کا طبی معائنے کا مشورہ دیا۔طبی معائنے سے ملزم کے ہوش میں ہونے یا نہ ہونے کا تعین ہوجاتا لیکن ایس ایچ او نے ایک نہ سنی اور سفارتکار کے استثنیٰ کا جواز پیش کرتے ہوئے اسے رہا کردیا۔رپورٹ پر وزارت داخلہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے پوچھا کہ ملزم سفارتکار کس کے کہنے پر چھوڑا۔ایس ایچ او وضاحت پیش کریں۔وزارت داخلہ نے مزید کہاایس ایچ او کو یہ اختیار نہیں کہ صرف کارڈ دیکھ کر سفارتکار کو جانے دے۔پولیس کو وزارت خارجہ کی ہدایت پر فیصلہ کرنا چاہئے تھا۔
امریکی سفیر