غریبوں کے اتحاد سے لوٹے اور لٹیرے حکمرانوں کا خاتمہ کرینگے‘ الحاج ہارون
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئندہ الیکشن میں غریب متحد ہوکر اپنے لئے غریب اتحاد پارٹی کا چنائو کریں‘ غریبوں کے اتحاد سے ہی سرمایہ دار‘ جاگیردار اور وڈیروں کے اقتدار کا ہمیشہ خاتمہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار غریب اتحاد پارٹی کے چیئرمین الحاج احمد حسین ہارون نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی آپس کی چپلقش اور لوٹ مار سے ملک اور عوام دونوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ احمد حسین ہارون نے کہا کہ گزشتہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کی چمک سے دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی ہوئی۔ اس کا ازالہ کا واحد حل غریبوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ملک بھر کے غریبوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے جلد گلی گلی کوچے کوچے عوامی رابطہ مہم شروع کرینگے احمد حسین ہارون نے کہا کہ پارٹی ورکروں اور غریبوں کو جلد خوشخبری ملنے والی ہے وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں موجودہ اور آنے والے حالات پر کڑی نظر رکھیں‘ چور‘ لٹیرے اور لوٹے حکمرانوں کے فریب میں نہ آئیں اور آئندہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔
احمد حسین ہارون