نوجوان قیادت ہی شہر کی کھوئی شناخت واپس لائے گی‘حافظ نعیم
کراچی (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے جے آئی یوتھ کراچی کے تحت ’’کراچی یوتھ الیکشن‘‘ کے پہلے مرحلے میں کراچی کے 3 اضلاع کا دورہ کیا اور پولنگ اسٹیشنز پر یوتھ الیکشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں اور ووٹرز اپنے اپنے منتخب نمائندوں کو کامیاب کروانے کیلئے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر نائب امراء محمد اسحاق خان ‘ ڈاکٹر اسامہ رضی ‘ محمد اسلام ‘امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید ‘ جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری‘ جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان ‘ جنرل سکریٹری عارف غزنوی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ’’کراچی یوتھ الیکشن ‘‘ میں ضلع جنوبی لیاری میں آگرہ تاج ‘ بہار کالونی میں 9 یونٹس میں 18 الیکشن پینل تھے جن کے انتخابی نشانات فٹبال‘ بلب‘ گلاب کا پھول‘ قلم‘ جھونپڑی‘ جناح کیپ تھا ‘ ضلع غربی بنارس میں یوسی 14 میں 3 الیکشن پینل تھے جن کے انتخابی نشانات چھتری‘ فٹبال اور موم بتی تھا۔ ضلع بن قاسم میں 24 یوسیز میں انتخابات ہوئے جس میں 52 الیکشن پینل تھے اور 37 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے اور ضلع شرقی کے شاہ فیصل زون میں 7یوسیز میں الیکشن ہوئے جن میں 13 پینل تھے۔