پانی کی ایک ایک بوند کی حفاظت کی جائے گی‘خالد محمود شیخ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو فراہم کئے جانے والے پانی کی ایک ایک بوند کی حفاظت کی جائے گی ، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ملنے والی پانی چوری کی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے ، شہر کے کسی بھی حصے میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور پانی چوری پرمتعلقہ افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی تلاش اور پانی چوری کی روک تھام کیلئے واٹربورڈ نے بھرپور و موثر کارروائی کی تیاریاں شروع کردیں ہیں ، شہر اور مضافات سے گزرنے والی لائنوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ،رضویہ تھانہ کی حدود میں پولیس کی زیر زمین پانی کی غیر قانونی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں ،تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس نے اورنگی نالہ میں پائپوں کے ذریعے زیر زمین پانی فیکٹریوں کو فراہم کرنے والے گروہ کے 2 ملزمان ایم اعجاز اور محمد شہزاد کو گرفتار کرکے پانی فراہم کرنے کیلئے بچھائے گئے پائپ قبضہ میں لے لئے ہیں جبکہ ان کے خلاف زیر دفعہ 430/427/34ppcکے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔