طاقت کا حقیقی سرچشمہ نظام مصطفی ہے:حنیف طیب
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ طاقت کا حقیقی سرچشمہ نظام مصطفی ہے۔ 11مئی کو عیاری اور مکاری کی سیاست پر ضربی کاری لگے گی۔ ملک بچانے کا آخری موقع ہے۔ تبدیلی کی چابی خلق خدا کے پاس ہے ۔ محروم طبقات ووٹ کو اپنی طاقت بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی حنیف طیب نے مزید کہا کہ عوام 65 برسوں سے ظالمانہ نظام میں جکڑے ہوئے ہیں۔ اذیت ناک لوڈ شیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ نگران حکومت لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ 62,63پر پورا نہ اترنے والوں کو انتخابی عمل سے نکالنا ملک وقوم کی خدمت ہے لیکن صرف چھوٹی مچھلیوں کو پکڑ کر لیپا پوتی کی گئی ہے، مگر مچھوں کو چھو ڑ دینا افسوس ناک ہے۔