گوجرانوالہ + پنڈی بھٹیاں (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + ثناء نیوز) کئی شہروں میں طوفان بادوباراں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ موسلادھار بارش اور آندھی کے باعث گندم اور چنے سمیت دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ آندھی سے درجنوں درخت زمین بوس ہو گئے جبکہ ساہیوال میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ موضع بھوچاں اور چک 45/6D میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ سیف خان اور 12 سالہ ریاض جاں بحق ہو گئے۔ ادھر وادی نیلم میں چند روز سے جاری بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے 150 مکانات تباہ ہو گئے ہیں لاہور میں بوندا باندی ہوئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دو روز سے وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے بعد شہر اور اس کے گرد و نواح کے نشیبی علاقے پانی و کیچڑ میں ڈوب گئے جبکہ بارش کے باعث بند نالیوں اور گٹروں کا گندا پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا۔ عوامی حلقوں نے شہر کی اس بدتری حالت کو واسا اور سٹی و ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی غفلت اور ناکارہ پلاننگ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ رات سے پنڈی بھٹیاں کے گرد و نواح میں بارش سے موسم سرد ہو گیا۔
بارش
بارش