لاہور : ایم ایم عالم روڈ پر پلازہ میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

Sep 08, 2018 | 20:30

ویب ڈیسک

لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایم ایم عالم روڈ پر واقع پلازہ میں آگ لگ گئی جہاں سے جان بچانے کیلئے دو افراد نے چھلانگ لگادی جس میں سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ عمارت کی بیسمنٹ میں لگی جس کا دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا۔جان بچانے کے لیے دو افراد نے رسی کے ذریعے عمارت سے باہر نکلنے کے لیے چھلانگ لگائی اور نیچے آگرے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایم ایس سروسز اسپتال کے مطابق آگ سے متاثرہ پلازا سے جان بچانے کے لیے کودنے والا شخص اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ایم ایس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت عمران ولد اکرام کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی 7 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ دھویں کی وجہ سے ریسکیو کے عمل میں دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑا۔اس عمارت میں دکانیں، شو روم، دفاتر اور رہائشی یونٹس بھی موجود ہیں، عمارت کی آٹھویں منزل پر فائر ایگزٹ موجود تھا جہاں سے متعدد افراد بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔تقریبا ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد ایم ایم عالم روڈ پر پلازہ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ پلازا کی بیسمنٹ میں لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا۔فائر بریگیڈ کی 7 سے زائد گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، متصل عمارت سے ریسکیو اہلکار آگ سے متاثر پلازہ میں داخل ہوئے۔آگ سے متاثر پلازا کی 8 ویں منزل پر ایمرجنسی راستے سے بھی لوگ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔موقع پر پہنچنے والے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ پلازہ سے جان بچانے کیلئے کودنے والے 2 افراد کو اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید بتایا کہ عمارت سے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیاگیا ہے۔ریسکیو سروس کے مطابق عمارت میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور اب عمارت میں کوئی نہیں ہے

مزیدخبریں