سانحہ سیالکوٹ، سابق ڈی پی او وقارچوہان اورچھ پولیس اہلکاروں کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات روز کی توسیع، ملزم اے ایس آئی وارث علی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ۔
سانحہ سیالکوٹ کیس میں گرفتار سابق ڈی پی او وقار چوہان اورچھ پولیس اہلکاروں کو پولیس کے سخت پہرے میں گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبرایک میں پیش کیا گیا، سابق ڈی پی او کو بغیر ہتھکڑی جبکہ پولیس اہلکاروں کوہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا ۔اس موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ عدالت نے سابق ڈی پی او اور چھ پولیس اہلکاروں کے جوڈیشل ریمانڈ میں سات روز کی توسیع کرتے ہوئے جیل بھیج دیا جبکہ ملزم اے ایس آئی وارث کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔ عدالت نے ملزم شفیق فوجی کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اسے اشتہاری قرار دیدیا ۔دوسری جانب سیالکوٹ کی مقامی عدالت میں اسی مقدمے کے مفرورسب انسپکٹر سمیت تین اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی اورتینوں کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ ملزموں نے مقامی عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت کروائی تھی جسے مسترد کردیا گیا۔ واضح رہے کہ پندرہ اگست کی صبح سیالکوٹ کے تھانہ صدر کے علاقہ میں دو سگے بھائیوں کو دیہاتیوں نے پولیس کی موجودگی میں وحشیانہ تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا۔