سندھ ہائیکورٹ نے دہشتگردی کے مقدمے میں خاتون سمیت دیگر مجرموں کی اپیل مسترد کردی
کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے دہشتگردی کے مقدمے میں خاتون سمیت دیگر مجرموں کی اپیل مسترد کردی۔جسٹس کے کے آغا اور جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے دہشتگردی کے مقدمے میں خاتون سمیت دیگر مجرموں کی اپیل کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے سزا کے فیصلے کیخلاف ملزمان کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے مجرموں کی سزا میں کمی کرتے ہوئے سزا کی مدت 5 سال کردی۔ خصوصی عدالت نے ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کے الزام میں مجموعی طور پر 17 سال قید سزا سنائی تھی۔ مجرموں میں شہناز عرف مسکان، عابد علی، عابد عباس، اختر، خادم حسین اور غلام فرید شامل ہیں۔ مجرموں نے گزشتہ سال گلبرگ کے علاقے میں میں پولیس پر فائرنگ کی تھی۔ مجرموں کے قبضے سے غیر قانونی پستول برآمد ہوئے تھے۔