اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق جامع قراردادوں پر توجہ دے، مقبوضہ علاقہ کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا: ملیحہ لودھی
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اسپیشل پولیٹیکل ڈی کالونائزیشن کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں استصواب رائے نہ ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے، مقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ کبھی نہیں رہا اورمقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی ماہ میں سو سے زائد معصوم کشمیریوں کو شہید کیا گیا، پیلٹ گن اور گولیوں کے استعمال سے سینکڑوں کشمیری بینائی سے محروم اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا وعدہ سلامتی کونسل نے کیا اس لیے مقبوضہ کشمیر کاتنازع سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل ہونا ہے اوراقوام متحدہ کشمیر سے متعلق جامع قراردادوں پر توجہ دے۔ انکا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی میں رہتے ہوئے بیرونی قبضے بدقسمتی ہے، عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کرنا ہو گی۔