اے سی اور ایم ایس ہیلتھ کونسل کے اجلاس بلائیں: آصف طفیل
سیالکوٹ(نامہ نگار) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ٹی ایچ کیو لیول ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اور ایم ایس صاحبان باقاعدگی سے تحصیل ہیلتھ کونسل کی میٹنگز کریں اور ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ یہ ہدایات انہوں نے ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں کی ہیلتھ کیئر کونسل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلہ منعقدہ اجلاس میں جاری کیں ۔ ای ڈی او ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر جاوید وڑائچ، اے سی سیالکوٹ میثم عباس، اے سی پسرور ظہیر لیاقت ، اے سی ڈسکہ راؤ سہیل ، اے سی سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ، ایم ایس ٹی ایچ کیو کوٹلی لوہاراں ڈاکٹر جہانگیر حسین اورایم ایس ٹی ایچ کیو ڈسکہ ڈاکٹر شبیر مغل بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ ڈی سی او نے کہاکہ ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں مریضوں کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ کی 100فیصد حاضری کو یقینی بنایا جائے اور ہسپتال کے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ۔ ڈی سی او نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کو مطلوبہ فنڈزباقاعدگی سے فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنر اور ایم ایس کو ہدایت کی ہیلتھ کونسل کے فنڈز سے مطلوبہ ادویات کی خریداری کی جائے اور ادویات کا وافر سٹاک رکھا جائے اور ان ڈور اورآؤٹ ڈور مریضوں کو تمام ادویات ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام ہسپتالوں میں گائنی وارڈ کو اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کا سختی سے محاسبہ کیا جائے ۔