طوفان میتھیو فلوریڈا سے ٹکرا گیا‘ 6 لاکھ گھروں کو بجلی فراہمی معطل‘ ہیٹی میں ہلاکتیں 842 ہو گئیں
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سمندری طوفان میتھیو امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا، طوفان کے سبب 6 لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، طوفان سے ہیٹی اور دیگر علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 842 ہو گئی، طوفان کی وجہ سے فلوریڈا میں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی آئی، سمندری طوفان سے جارجیا کو بھی خطرہ لاحق ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ طوفان سے شدید متاثرہ علاقوں تک امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان میتھیو کے باعث ہیٹی کے جنوبی حصے میں شدید تباہی ہوئی ہے ،ہیٹی کے تیسرے بڑے شہر اور جنوبی ضلع لیکَیز کے کئی قصبے تباہی و بربادی کا شکار ہوئے ہیں۔امریکی صدر باراک اوباما نے جارجیا اور جنوبی کیرولینا میںایمرجنسی نافذ کر دی، جارجیا کی سواناہ اور برونزوک بندرگاہیں بند کر دی گئیں، سمندری طوفان کے سبب بدھ سے ہفتے تک ایئرپورٹ بند کر دیئے گئے، چار پروازیں معطل کر دی گئیں۔سمندری طوفان میتھیو نے کیپ کیناورل میں ناسا کی راکٹ لانچ مرکز کو ہلا کر رکھ دیا۔ تاہم طوفان کے باعث راکٹوں، خلائی جہازوں اور اہم سامان کو نقصان نہیں پہنچا